اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی سے پریشان عوام پر بجلی بم گرا دیا ہے۔ قیمت میں5روپے 40 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی۔
نیپرا نے مالی سال 2022-23 کی چوتھی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ پر سماعت کی جس میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔بجلی کی قیمت میں یہ نیا اضافہ سال 2022-23 کی چوتھی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ میں کیا جائے گا۔ نیپرا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی، جبکہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔
سماعت کے دوران نیپرا کے رکن رفیق شیخ نے کہا کہ اللہ سے دعا کریں ہم بھی صارفین کی طرح بل ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آج سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کی، جس میں چوتھی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے قیمتوں میں اضافے کی استدعا کی گئی۔
فیسکو کی جانب سے 23 ارب 49 کروڑ روپے کی درخواست میں گیپکو نے 16 ارب 13 کروڑ روپے کا اضافہ طلب کیا ہے۔ حیسکو نے 9 ارب روپے کے اضافے کی درخواست کی تھی اور آئیسکو نے بھی 9 ارب روپے کے اضافے کی درخواست کی تھی۔ لیسکو اور میپکو کی جانب سے 31 ارب 27 ارب روپے سے زائد کی درخواست کی گئی۔ پیسکو نے 9 ارب، کیسکو نے 7 ارب، سیپکو نے 5 اور ٹیسکو نے 4 ارب اضافے کا کہا تھا
اگر یہ درخواستیں منظور ہو جاتی ہیں تو بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 144 ارب 69 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں بلکہ تاجر برادری بھی اس حوالے سے حکومتی پالیسی سے نالاں ہے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہے۔