اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ٰ) ایشیا کپ 2023 کے سب سے بڑے میچ یعنی 2 ستمبر کو ہونے والے پاک بھارت میچ کے حوالے سے بری خبر سامنے آئی ہے۔
ایشیا کپ 30 اگست سے شروع ہو رہا ہے جس کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں ملتان میں ٹکرائیں گی۔
لیکن شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 ستمبر کو ہونے والے اہم میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔یہ میچ سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس میچ کے حوالے سے موسم کی پیشگوئی کے مطابق پالی کلے میں 2 ستمبر کو 80 فیصد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے پاک بھارت میچ متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
تاہم شائقین کرکٹ دعا کر رہے ہیں کہ 2 ستمبر کو پالی کیلے میں موسم بہتر ہو جائے تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ بارش سے متاثر نہ ہو۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، یہ ایونٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ایشیا کپ میں 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ایونٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں شیڈول ہے۔