اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث برطانیہ بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔
برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہمیں اس وقت تکنیکی خرابی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے فضائی ٹریفک کو محدود کر دیا گیا ہے۔
بگ کو ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ مسئلہ کب حل ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی فضائی حدود کو بند نہیں کیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ تکنیکی مسئلے نے فلائٹ پلانز کو خودکار طریقے سے پروسیس کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 500 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جن میں سے 232 نے برطانیہ سے دوسرے ممالک جانا تھا جب کہ 271 نے برطانیہ پہنچنا تھا۔
دوسری جانب آئرلینڈ کی ایئر ٹریفک کنٹرول آرگنائزیشن AirNav کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے یورپ بھر میں پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔آئرش ایجنسی کے مطابق یورپی پروازوں کو جن کو برطانوی فضائی حدود سے گزرنا پڑتا ہے انہیں تاخیر کا سامنا ہے۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ مسافروں کو تکلیف سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔اسی طرح، برٹش ایئرویز نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایئر ٹریفک کنٹرول سروس کے ساتھ اس مسئلے کے اثرات کو سمجھنے کے لیے کام کر رہی ہے، جب کہ دیگر ایئر لائنز نے پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار کر دی ہیں۔