اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹک ٹاکرحریم شاہ کے شوہر بلال شاہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس میں بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کے بیٹے بلال کو قیوم آباد سے اغوا کیا گیا تھا۔ بی ایریا سے بلال شاہ کو 27 اگست کی شب تین گاڑیوں میں سوار سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گاڑی سمیت اغوا کر لیا جس کے بعد ان کے بیٹے سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
میرے شوہر بلال کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اغواہ کرکے لئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے درخواست کرتی ہوں میرے شوہر کا پتہ کروائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ pic.twitter.com/lYebJ2clx6
— Hareem Shah (@_Hareem_Shah) September 3, 2023
بلال شاہ کی والدہ نے بھی بیٹے کی گمشدگی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ بلال شاہ کی والدہ کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ وکیل منیر احمد نے گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حریم شاہ برطانیہ میں ہیں۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بلال شاہ کو 26 اگست کو مین کورنگی روڈ سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔
والدہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے پر کوئی مقدمہ نہیں ہے۔ بلال شاہ ایک ہفتہ قبل لندن سے کراچی پہنچے تھے۔ بلال شاہ اپنی والدہ سے ملنے کے بعد گھر سے نکلا جب اسے مین کورنگی روڈ سے اغوا کیا گیا۔ ڈیفنس تھانے کو درخواست بھیج دی گئی، پولیس تاحال اسے بازیاب نہیں کر سکی۔
اس سے قبل معروف ٹاک ٹاکر حریم شاہ نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ان کے شوہر بلال کو پاکستان میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا کیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے شوہر کا سراغ لگائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کے اغوا کو 7 دن ہو گئے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ متعلقہ تھانے پر کون دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ بلال کو کس نے اغوا کیا۔
حریم شاہ نے کہا کہ ہم نے بلال کی بازیابی کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ جس طرح سے ایک بے گناہ کو غیر قانونی طور پر اغوا کیا گیا ہے اس سے اس کا خاندان بہت پریشان ہے۔