اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق صدر آصف زرداری نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔یک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کرائے گا اور مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے۔ ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر مکمل اعتماد ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ نگراں حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبے جلد مکمل کرے اور منصوبے مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کی بجائے معیشت کی فکر کرنی چاہیے، ملک ہے تو ہم سب ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے 90 روز میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی 4 سال کی کارکردگی سے عوام کے سامنے اپنی ساکھ کا ثبوت دیا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی کارکردگی ثابت کر دی ہے ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے گا۔