اردوورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے اور بہاولپور ریجن میں 29 ہزار 767 نادہندگان کے کنکشن کاٹ دئیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں 400 سے زائد غیر قانونی کنکشنز ہٹاتے ہوئے 200 افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
دوسری جانب آئیسکو نے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کیں، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 319 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
صادق آباد سے پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے ممتاز علی چانگ کے فارم ہاؤس پر بجلی چوری پکڑی گئی، سکھر کے مختلف علاقوں میں 500 سے زائد کنکشن کاٹ دئیے گئے۔
اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے کرپٹ افسران کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور بری شہرت کے حامل 248 افسران کو ہیڈ کوارٹر بھجوا دیا گیا جبکہ سینکڑوں افسران کے خلاف مقدمات درج کر کے 21 کو گرفتار کر لیا گیا۔