اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر کرس وان ہیلن کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔
پاکستان ڈاکٹرز آرگنائزیشن کے ڈی ایم وی چیپٹر کا واشنگٹن میں انعقاد کیا گیا جس میں امریکی سینیٹر کرس وان ہیلن مہمان خصوصی تھے۔
امریکی سینیٹر کرس وان ہیلن نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بائیڈن انتظامیہ سے کافی عرصے سے رابطے میں ہیں، بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی سیاست سے متعلق کسی بھی چیز کو انجینئر کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستانی عوام کی مرضی سنی اور ان کی عکاسی کی جائے
امریکی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں۔ امریکہ، دیگر جمہوریتیں اور پاکستانی عوام انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ کرانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور دوطرفہ تعلقات چاہتی ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات دنیا بھر میں استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہیں۔
سینیٹر کرس وان ہیلن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد امریکا کی مدد نظر آئی، امریکا نے پاکستان کے معاملے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے کہ وہ ہنگامی معاشی ریلیف کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ آگے آئے۔