اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دوسری بار آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا جس کے بعد شائقین یہ سوچ کر صبر کر گئے کہ سپر فور مرحلے میں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں ہوں گی۔
پہلے میچ کی طرح آج کولمبو میں پاک بھارت میچ میں بھی تیز بارش کا امکان ہے، کولمبو سے موسم کی پیشگوئی نے شائقین کرکٹ کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے، تاہم کولمبو کے موسم کی صورتحال ہر گھنٹے بعد بدل رہی ہے۔ صبح ہوتے ہی سورج آسمان پر نظر آیا اور بادل صاف تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کولمبو میں آج بارش کا امکان ہے جو دن گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتا جائے گا۔امریکن ویدر سروس کے مطابق کولمبو میں آج صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان بارش کا 50 فیصد امکان ہے، جبکہ سہ پہر 3 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان بارش کا امکان 49-66 فیصد ہے۔موسم کی ویب سائٹ کے مطابق شام 7 بجے کے بعد بارش کا امکان تھوڑا بڑھ جائے گا جو 69 فیصد بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب اگر آج ہونے والا پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہوا اور مکمل نہ ہوسکا تو میچ کل ریزرو ڈے پر جاری رہے گا۔اگر آج کسی بھی موقع پر میچ روک دیا گیا اور مکمل نہ ہو سکا تو میچ کل بھی جاری رہے گا۔یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعتراض پر پیر کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھنے کا اعلان کیا تھا۔