249
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حکومت کی ہدایات پر ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بعد روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک ایکسچینج میں ایک ڈالر ایک روپے 79 پیسے کی کمی سے 301 روپے 16 پیسے پر بند ہوا۔
آج منگل کو کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر ایک روپیہ 41 پیسے سستا ہوگیا۔انٹربینک کاروبار کے دوران ڈالر 300 روپے سے گر کر 299 روپے 75 پیسے پر آگیا۔اس وقت انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر گزشتہ 20 دنوں کی کم ترین سطح پر ہے۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جہاں گزشتہ روز ڈالر 4 روپے کمی سے 300 روپے کا ہوگیا۔اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ 370 روپے، یورو 316 روپے، سعودی ریال 79 روپے اور یو اے ای درہم 82 روپے پر ہے۔