خفیہ معلومات کی بنیاد پر کالعدم تنظیم کا سرگرم بھتہ خور گروہ گرفتار کر لیا گیا، جس نے دوران تفتیش بھتہ خوری کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
تنظیم کے گرفتار ارکان کافی عرصے سے ٹی ٹی پی کو بھتہ خوری میں مدد فراہم کر رہے تھے، ملزمان نے ٹی ٹی پی کمانڈرز کی افغانستان میں موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق جو اس وقت افغانستان میں ہے ہمیں واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق افغانستان سے لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز بنا کر بھتہ مانگتا تھا اور بھتہ نہ دینے پر مارنے یا اغوا کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔
واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں جس میں سکیورٹی فورسز کو ٹی ٹی پی گروپوں اور بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے میں دن بدن نمایاں کامیابیاں مل رہی ہیں۔