سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا چیئرمین نادرا نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر 84 کے قریب اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ پروسیسنگ کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عام طور پر غیر ملکی شہری شناختی کارڈ رکھنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے دستاویزات تیار کر کے پاکستانی خاندانوں کا حصہ بننے کی کوشش کرتے ہیں ۔
لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے سینیٹ کمیٹی کو بتایا کہ نادرا صرف حقیقی شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے اور غیر ملکیوں کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے تصدیق کے عمل کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے۔
کراچی میں محسود قبائلیوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ کسی فرد کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔