پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان پہلی جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے غوریوم میں ہوئی، سیکورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک تبسم الحق، سپاہی نعیم اختر اور سپاہی عبدالحمید شہید ہوگئے۔
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اسمان منزہ میں ہوئی جہاں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی فرمان علی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید سپاہی فرمان علی کی عمر 25 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع کشمور سے ہے، شہید لانس نائیک تبسم الحق کی عمر 36 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، شہید سپاہی نعیم اختر کی عمر 30 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع کشمور سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
نگران وزیراعظم نے دہشت گردوں سے جھڑپ میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اس وقت تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔