اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے غزہ کو دور سے دیکھا ہے، اب آپ جلد ہی غزہ کو اندر سے دیکھیں گے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کی جنگ ایک مشکل اور طویل جنگ ہوسکتی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی اس تقریر کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ سرحد کے قریب ایک مقام پر اپنے فوجیوں کو ان کی فتح کا یقین دلارہے ہیں۔
7 اکتوبر سے اسرائیل فضائیہ کے ذریعے غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، صدر جو بائیڈن کے بعد برطانوی وزیراعظم رشی سونک بھی اسرائیل سے اظہار یکجہتی کے لیے تل ابیب پہنچے۔
حماس کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک تقریباً 2000 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔
امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک اسرائیل کے غزہ پر جاری فضائی اور ممکنہ زمینی حملوں کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں اور اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں پر بمباری کی مذمت تک نہیں کی گئی۔
گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم رشی سونک اسرائیل کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہوں نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کا میزائل شکن دفاعی نظام بھی حماس کے راکٹ حملوں کو روکنے میں ناکام رہا جس سے اسرائیل کی تکنیکی اور فوجی برتری کے تصور کو دھچکا لگا ہے۔