انجلینا جولی نے اسرائیلی جارحیت کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک بے بس آبادی پر دانستہ بمباری ہے جس کے بھاگنے یا جانے کی جگہ نہیں ہے۔
انجلینا جولی نے اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے لکھا کہ غزہ تقریباً 2 دہائیوں سے کھلی فضائی جیل ہے اور تیزی سے اجتماعی قبر بنتا جا رہا ہے، مرنے والوں میں 40 فیصد معصوم بچے ہیں
اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی رہنماؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے اور کئی حکومتوں کی حمایت سے لاکھوں فلسطینی شہریوں، بچوں، خواتین اور خاندانوں کو خوراک، ادویات اور انسانی امداد سے محروم کرنا بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ انہیں اجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ انجلینا جولی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔
ہالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ غزہ کی کل آبادی 20 لاکھ ہے جس میں سے نصف بچے ہیں جو دو دہائیوں سے محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔