پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج علی الصبح میانوالی ٹریننگ ایئربیس پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد اسے ناکام بنادیا گیا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ الحمدللہ پی اے ایف ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر کومبنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کرکے تمام 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے دوران پی اے ایف کے کسی بھی فعال اثاثے کو نقصان نہیں پہنچا تاہم صرف 3 غیر فعال طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ آپریشن کا تیز رفتار اور پیشہ وارانہ اختتام تمام امن کے دشمنوں کے لیے ایک واضح یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں نے آج علی الصبح میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پاک فوج کے دستوں نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق غیر معمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 3 کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے 3 طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا جب کہ ایک ایندھن باؤزر بھی متاثر ہوا
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔