اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سویڈن کے ایک قصبے گوٹین میں 30 پلاٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں، جن کی قیمتیں ایک کرونر (تقریباً 27 روپے) فی مربع میٹر سے شروع ہوتی ہیں۔خوش قسمت لوگ جو اس پلاٹ کو خریدتے ہیں وہ اپنے گھر بنا سکیں گے اور وہاں رہ سکیں گے یا چھٹیوں کے لیے وہاں جا سکیں گے۔اس سویڈش قصبے میں موسم کافی ٹھنڈا ہے، اس لیے یہ پیشکش گرمی میں مبتلا افراد کے لیے بہترین ہے۔یہ سویڈن کے دیہی علاقے کا مرکزی قصبہ ہے جس کی آبادی 13،000 ہے۔یہ قصبہ سویڈن کی سب سے بڑی جھیل ورنن کے ساحل پر واقع ہے جبکہ یہاں کی پہاڑیاں پیدل سفر کے لیے مثالی ہیں۔قصبے کے میئر جوہان مانسن کے مطابق یہ پروگرام معاشی مشکلات اور دیہی آبادی میں کمی کی وجہ سے متعارف کرایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں ہاؤسنگ مارکیٹ کافی سست ہو رہی ہے اور ہم اسے بہتر بنانا چاہتے ہیں.
یہ بھی پڑھیں
دنیا کا دلچسپ اور عجیب ترین قصبہ جہاں زیادہ تر گھر 2 ممالک میں واقع ،لوگ کھانا پکاتے ایک ملک اورکھاتے دوسرے ملک میں ہیں
انہوں نے کہا کہ یہاں بھی شرح پیدائش میں کمی آئی ہے جبکہ عمر رسیدہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ہم کچھ ایسا کرنا چاہتے تھے جس سے یہاں مزید لوگ آئیں۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک کپ چائے کی قیمت پر 30 پلاٹ فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے۔جوہان مانسن کے مطابق غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں اور اب یہ پروگرام وائرل ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں
دنیا کا وہ مقام جہاں نومبر میں غروب ہونیوالا سورج جنوری میں طلوع ہوتا ہے
یہ پروگرام مئی 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ہر پلاٹ 700 سے 1200 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔پروگرام کے وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے ہزاروں کالیں موصول ہوئیں اور اس لیے پلاٹوں کی فروخت کا عمل اگست تک روک دیا گیا ہے۔جوہان مانسن کے مطابق یہ پلاٹ کوئی بھی خرید سکتا ہے اور اس کے لیے سویڈن میں رہنا یا وہاں مستقل رہائش کا وعدہ کرنا ضروری نہیں ہے۔صرف ایک شرط پوری کرنی ہے اور وہ یہ ہے کہ پلاٹ خریدنے کے بعد گھر کو 2 سال کے اندر تعمیر کرنا ہوگا۔