وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اے پی ایس کے شہداء نے قربانیوں کی ایسی داستان رقم کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
سانحہ آرمی پبلک سکول کی 10ویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں ہونے والا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا انتہائی المناک سانحہ ہے۔ سانحہ اے پی ایس ناقابل فراموش ہے اس المناک سانحہ نے ملک میں دیرپا امن کی بنیاد رکھ دی۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے پوری قوم، حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔ اے پی ایس کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ آج کا دن ہمیں اس سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے چھوٹے اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کے بعد پوری قوم اور ادارے معاشرے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے متحد ہو گئے۔ اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے اکٹھے ہو کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی جانب درست اور بروقت قدم ثابت ہوا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ آج متاثرہ والدین کے لیے انتہائی افسوسناک دن ہے کیونکہ اس دن ان کے پیارے ہمیشہ کے لیے ان سے بچھڑ گئے۔