اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا ہے۔. عمران خان نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے پارٹی کے صوبائی صدر کا عہدہ واپس لے لیا ہے اور اب ان کی جگہ جنید اکبر کو پارٹی کا نیا صوبائی صدر مقرر کر دیا ہے۔.
پی ٹی آئی کے بانی نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔.
اس کے علاوہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو پر مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔.
اس سلسلے میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین خود چاہتے ہیں کہ وہ پارٹی کی صدارت برقرار نہ رکھیں۔. پی ٹی آئی کے بانی نے علی امین سے کہا ہے کہ وہ صوبے میں دہشت گردی سے نمٹنے اور گورننس کے مسائل پر توجہ دیں۔.
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کے پی میں بدعنوانی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور علی امین کو ڈیرہ اسماعیل خان کی سیاست سے باہر آنے کا پیغام بھیجا ہے۔.
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے نامزد کیا تھا لیکن حال ہی میں ان کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی اور جنید اکبر کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا، جو بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔.