اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جوہری معاہدے کیلئے دبائو بڑھانے کے لیے امریکہ نے ایران کے مزید 5 اداروں پر پابندی عائد کر دی ۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ جن اداروں اور افراد پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان کا تعلق ایران کے جوہری پروگرام سے ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام صدر ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرنے والوں کا احتساب ہوتا رہے گا۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایرانی اداروں پر یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر مذاکرات میں صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے زیادہ وقت نہیں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران اپنا جوہری پروگرام روکنے پر راضی نہیں ہوا تو ہم فوجی طاقت استعمال کریں گے۔ اگر فوجی طاقت کی ضرورت پڑی تو ہمارے پاس ہے اور اسرائیل بھی اس میں شامل ہوگا۔