اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جبکہ زیادہ تر میدانی علاقے اگلے 4 دنوں تک شدید موسم اور گرمی کی لہروں سے متاثر رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سیلسیس زیادہ ہونے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان وسطی اور بالائی پنجاب معمول سے 5 سے 7 ڈگری سیلسیس زیادہ ہو سکتے ہیں،لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 43 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی طرح بہاولپور میں 45 ڈگری، ڈی جی خان 47، ملتان 44، سرگودھا 45 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی طرح کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری، حیدرآباد میں 42، سکھر میں 45 اور نواب شاہ میں 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
آج کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس، گوادر میں 36 ڈگری سیلسیس اور سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ہے۔
اسی طرح پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس، بنوں میں 41 ڈگری سیلسیس اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس، گلگت بلتستان میں 36 ڈگری سیلسیس اور راولاکوٹ میں 30 ڈگری سیلسیس متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل 22 مئی کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم کے گرم اور خشک ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔
اسی طرح جمعہ 23 مئی کو موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو گرمی میں مزید اضافہ متوقع ہے اور ملک کے بیشتر حصوں میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا۔. ان دنوں گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخواہ، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں بھی بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔