اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سرکاری اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دے دیا، ملک چھوڑنے کا حکم ۔
پاکستان کا یہ اقدام بدھ کے روز بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کی ایک اور سرکاری شخصیت کو ناپسندیدہ قرار دینے اور انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی سفارت کار مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ پاکستان نے انہیں 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی۔
بھارتی چارج ڈی افیئرز کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی ہندوستانی سفارت کار یا اہلکار کو مشکوک سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا .پاکستان نے پاکستان میں ایک بھارتی سفارت کار کو بھی ناپسندیدہ قرار دیا تھا اور انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا ۔