اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) البرٹا کی پریمیئر ڈینیئل اسمتھ کے لیے ایک اہم سیاسی سنگ میل عبور کر لیا۔
اینگس ریڈ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ سروے کے مطابق، 2022 میں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار ان کی عوامی منظوری کی شرح 51 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ یہ شرح نہ صرف ان کے لیے ذاتی کامیابی ہے بلکہ یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی (UCP) کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔نئی پولنگ میں سات صوبائی وزرائے اعلیٰ کی منظوری کی شرحیں شامل کی گئیں، جن میں سے صرف دو — مینیٹوبا کے پریمیئر واب کینیو اور ڈینیئل اسمتھ — کے اعداد و شمار میں ماہ بہ ماہ بہتری دیکھی گئی۔ کینیو 68 فیصد منظوری کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جب کہ ڈینیئل اسمتھ پانچ پوائنٹس کے اضافے کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئیں۔
ڈینیئل اسمتھ نے پچھلے مہینوں میں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کی ہے۔ انہوں نے جنوری میں امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات نے خاصی سیاسی ہلچل مچائی، کیونکہ ٹرمپ نے کینیڈا پر نئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس تناظر میں اسمتھ نے نہ صرف ایک "قومی آواز” کے طور پر خود کو منوایا، بلکہ البرٹا کے اندر علیحدگی پسند جذبات کو بھی ہوا دی، جب انہوں نے صوبائی ریفرنڈم کے لیے معیار کو نرم کرنے کی تجویز دی۔یہ اقدامات، اگرچہ تنازع کا شکار رہے، مگر اسمتھ کے سیاسی کیریئر کے لیے "مددگار خلفشار” ثابت ہوئے، جیسا کہ پولسٹرز کا کہنا ہے۔ یہ خلفشار ان داخلی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے میں کامیاب رہے ہیں جن کا ان کی حکومت کو سامنا ہے۔
اسمتھ کو اپنے صوبے میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سرِفہرست ہیلتھ کیئر کے نظام میں مبینہ بے ضابطگیاں ہیں۔ خاص طور پر البرٹا ہیلتھ سروسز (AHS) کے سابق سی ای او کی برطرفی پر ایک مقدمہ درج ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ برطرفی بدنیتی پر مبنی تھی۔ اس مقدمے نے ہیلتھ کیئر کنٹریکٹ پروکیورمنٹ پر سوالات اٹھا دیے۔اس معاملے کی آزاد تحقیقاتی رپورٹ، جسے مانیٹوبا کے سابق چیف جج نے تیار کرنا تھا، مئی میں منظر عام پر آنی تھی، لیکن اب اسے ستمبر 2025 تک مؤخر کر دیا گیا ہے، جس سے شفافیت پر مزید سوالات اٹھے ہیں۔
اینگس ریڈ کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ اسمتھ کی منظوری 51 فیصد تک پہنچ چکی ہے، تاہم وہ اب بھی کینیڈا کی سب سے "پولرائزنگ” (منقسم رائے کا شکار) رہنما ہیں۔ عوام کی ایک بڑی تعداد انہیں یا تو مکمل طور پر پسند کرتی ہے یا مکمل طور پر رد کرتی ہے۔ یہ بات 32 فیصد البرٹنز کے ان کے بارے میں انتہائی مثبت اور تقریباً اتنے ہی لوگوں کی منفی رائے سے ثابت ہوتی ہے۔ڈینیئل اسمتھ کی منظوری میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کی جارحانہ اور متحرک سیاسی حکمتِ عملی نے مختصر مدت میں انہیں فائدہ پہنچایا ہے۔ تاہم، اندرونِ صوبہ بڑھتے ہوئے تنازعات اور عوامی شفافیت سے متعلق سوالات ان کی طویل مدتی ساکھ کے لیے چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں۔