اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حملے اسرائیلی حملوں کا تسلسل ہیں اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ حملے بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ایران کے خلاف جاری جارحیت نے کشیدگی اور تشدد میں بے مثال اضافہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مزید کشیدگی کے پورے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ تنازعہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ تمام جماعتوں کو بین الاقوامی قانون اور انسانی قانون کی پابندی کرنی چاہیے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی خطے کے مسائل کا واحد حل ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق بحران کا پرامن حل ضروری ہے۔