اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے شروعات میں ہی اسلام آباد اور راولپنڈی میں خاصا اثر چھوڑا۔
آج صبح شدید بارشوں نے دونوں شہروں میں نیچی جگہوں اور سڑکوں پر پانی جمع کر دیا، جبکہ نالہ لائی میں پانی کا بہاؤ بھی تیز ہو گیا ہے۔
بارش وقفے وقفے سے جاری ہے ۔پنجاب میں بھی موسمی بادل نمودار ہو گئے ہیں۔ گوجرات اور گجر خان میں بارش ہوئی، جبکہ لاہور میں گہرے بادل چھائے ہیں۔
فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال کے مون سون سیزن میں عام سے 25 فیصد زائد بارش ہو سکتی ہے اور پنجاب میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ جائے گا ۔
آزاد جموں و کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ مظفرآباد اور اس کے اطراف میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی، اور لیپا ویلی میں بھی بارش ہوئی—جہاں موسم برف باری کے باعث سرد ہو رہا ہے، خاص طور پر اونچی وادیوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے لیے بھی کی گئی ہے، جہاں مون سون کی لہر ہلکی سے شدید بارشوں کا سبب بنے گی اور ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں ۔