ارد وو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات
ملاقا ت کے دوران تصدیق کی کہ پاکستان اگلے ماہ (جولائی) سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں پاکستان کے مجوزہ کام کے پروگرام پر تفصیلی بحث ہوئی جس کے تحت عالمی امن و سلامتی کے کئی اہم امور پر سلامتی کونسل کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔سفیر عاصم افتخار احمد نے واضح کیا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے اپنے دور صدارت میں شفاف، مشاورتی اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دے گا تاکہ عالمی مسائل کے حل میں موثر پیش رفت ہو سکے۔
ملاقات کے دوران جاری عالمی بحرانوں، خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال، افریقی اور ایشیائی خطوں میں کشیدگی اور اقوام متحدہ کے امن مشن کی تاثیر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل کرنے، تنازعات کے پرامن حل اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کثیر جہتی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے امن و استحکام کے لئے سیکریٹری جنرل کی کوششوں کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔پاکستان کی آئندہ صدارت نہ صرف عالمی سطح پر اپنی سفارتی سرگرمیوں کو اجاگر کرے گی بلکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جنوبی ایشیائی پوزیشن کو زیادہ مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔