زمان پارک کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات،پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود 

اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین کی رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ اس کی طرف جانے والے راستے بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق زمان پارک کے قریب پولیس کی تین قیدی وین اور سکواڈ کی گاڑیاں گشت کر رہی ہیں جب کہ پی ٹی آئی کی قیادت سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے اور کارکنوں نے کینال روڈ کو کھول کر ٹریفک بحال کر دی ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہم زمان پارک کے ارد گرد قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیشی پر مسترد کر دی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں 

عمران خان کی عدم پیشی پر لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی

ہمیں فالو کریں