اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی معروف گلوکارہ کارلی رے جیپسن کو 2027 کے جونو ایوارڈز کی میزبانی کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ کینیڈین میوزک انڈسٹری کے بڑے ایوارڈز کی تقریب میں وہ صرف میزبان ہی نہیں ہوں گی بلکہ اپنی موسیقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرفارمنس بھی دیں گی۔
کینیڈین اکیڈمی آف ریکارڈنگ آرٹس اینڈ سائنسز کے مطابق 56ویں جونو ایوارڈز کی تقریب 4 اپریل 2027 کو ونی پیگ کے کینیڈا لائف سینٹر میں منعقد ہوگی، جہاں کینیڈا کی موسیقی سے وابستہ معروف شخصیات اور فنکار شرکت کریں گے۔
کارلی رے جیپسن کا تعلق برٹش کولمبیا کے علاقے مشن سے ہے۔ وہ اپنے عالمی شہرت یافتہ گانے Call Me Maybe کے باعث دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہیں۔ وہ 2013 میں تین جونو ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکی ہیں، جن میں البم آف دی ایئر، پاپ البم آف دی ایئر اور سنگل آف دی ایئر شامل ہیں۔
اور لیڈی پیس کو میوزک ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا
2027 کے جونو ایوارڈز کی تقریب میں کینیڈا کے معروف آلٹرنیٹو راک بینڈ اور لیڈی پیس (Our Lady Peace) کو کینیڈین میوزک ہال آف فیم میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کی فلمی صنعت میں شاندار واپسی، فلمی پروڈکشن کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا
یہ بینڈ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے کینیڈین موسیقی کا اہم حصہ ہے اور اس کے مشہور گانوں میں Clumsy، Superman’s Dead اور Somewhere Out There شامل ہیں۔ بینڈ اب تک 50 لاکھ سے زائد البمز فروخت کر چکا ہے جبکہ اس کی موسیقی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر 60 کروڑ سے زیادہ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ کیوبک کے تجرباتی راک بینڈ Angine de Poitrine کو بھی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اس بینڈ نے حالیہ عرصے میں پولارس میوزک ایوارڈز میں البم اور گانے کے اعزازات حاصل کرکے خاصی شہرت حاصل کی ہے۔
جونو ایوارڈز کی 2027 کی تقریب کینیڈین موسیقی کے لیے اہم موقع ہوگی، جہاں نئے اور پرانے فنکار ایک ہی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
