اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (منگل) کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف وزیر اعظم آفس میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ایجنڈے کے مطابق کابینہ اجلاس میں لندن میں بحریہ ٹاؤن کے منجمد اکاؤنٹس کے معاملے کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی بحریہ ٹاؤن کے معاملے پر رپورٹ پیش کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں القادر ٹرسٹ اور فرح گوگی کو اراضی کی منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔ وفاقی کابینہ اپنے اجلاس میں مختلف ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے گی۔
کابینہ اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان (NUP) کے قیام کے حوالے سے ڈیفنس ڈویژن کی طرف سے پیش کی گئی سمری پر بھی غور کرے گی۔ ایجنڈے میں موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کی طرف سے موسمیاتی بحرانوں پر ایک پریزنٹیشن بھی شامل ہے۔
کابینہ مالی سال 2022-23 کے لیے دیت کی قیمت کا بھی تعین کرے گی۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 28 جولائی اور 11 اگست کو ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کرے گی۔