پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو نیشنل ایکشن پلان، کچے میں آپریشن اور سی پیک میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور زرمبادلہ کو ریگولرائز کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ملاقات میں آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جب کہ شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام متحد ہیں۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیوں سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، سیکیورٹی ادارے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔