اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے بعد کاروبار کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا آغاز 2230 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 5.3 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ایک گھنٹے کے لیے ٹریڈنگ روک دی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کر گیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس کے اضافے سے 43521 کی سطح پر چلا گیا۔
قبل ازیں دو دن قبل آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ معاہدے سے متعلق بیان جاری گیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان عملے کی سطح پر معاہدہ طے پا گیا۔
یہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 بلین ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ عملے کی سطح کے معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ کم ہوگا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی میں بہتری آئے گی جب کہ معاہدے سے پاکستان میں ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوگا۔