اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی ریاست مینیسوٹا میں گرین کارڈ انٹرویو کے دوران امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتار ہونے والا کینیڈین دندان ساز ڈاکٹر ولیم لیزارڈو وفاقی جج کے حکم پر رہا ہوکر گھر پہنچ گیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ڈاکٹر کی گرفتاری اور حراست ان کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔
32 سالہ ڈاکٹر ولیم لیزارڈو کا تعلق کینیڈا کے شہر مسی ساگا، اونٹاریو سے ہے۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج مائیکل جے ڈیوس نے اپنے فیصلے میں گرفتاری کے حالات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکام کے پاس انہیں حراست میں رکھنے کی کوئی معقول وجہ موجود نہیں تھی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر لیزارڈو 2019 میں تعلیمی ویزے پر امریکا منتقل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے اسکول آف ڈینٹسٹری میں داخلہ لیا۔ انہوں نے 2023 میں ڈگری مکمل کی اور اسی سال ایک امریکی خاتون سے شادی کرلی۔ دو سال بعد ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
گرین کارڈ درخواست منظور ہونے کے باوجود مشکلات
ڈاکٹر لیزارڈو کی اہلیہ نے ستمبر 2023 میں اپنے شوہر کے لیے امیگریشن درخواست جمع کرائی، جس کے بعد انہوں نے مستقل رہائش یعنی گرین کارڈ کے لیے بھی درخواست دی۔ جنوری 2025 میں اہلیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست منظور ہوگئی تھی۔
ڈاکٹر لیزارڈو امریکا کے ایسے علاقوں میں دندان سازی کی خدمات انجام دیتے رہے جہاں طبی عملے کی شدید کمی تھی۔ تاہم ان کی ملازمت کی اجازت منسوخ ہونے کے بعد انہوں نے مینیسوٹا کے شہر برنزول میں ایک کم لاگت کلینک میں رضاکارانہ خدمات شروع کردیں۔
یہ بھی پڑھیں :کینیڈا کا مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری ، ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا منصوبہ
غلط پتے پر عدالتی نوٹس، گرفتاری اور ملک بدری کا حکم
عدالتی ریکارڈ کے مطابق جنوری میں اونٹاریو سے متعلق ایک مصدقہ دستاویز فراہم نہ کرنے کی بنیاد پر ان کی مستقل رہائش کی درخواست مسترد کردی گئی۔ بعد ازاں انہیں مختلف عدالتی سماعتوں میں پیش ہونے کے نوٹس غلط پتے پر بھیجے جاتے رہے، جس کے باعث وہ سماعتوں میں شریک نہ ہوسکے۔
23 اکتوبر کو ICE اہلکاروں نے انہیں گرفتار کرلیا۔ انہیں شیربرن کاؤنٹی جیل منتقل کیا گیا اور امریکا سے ملک بدر کرنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا۔
تاہم ڈاکٹر لیزارڈو نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں عدالتی سماعتوں کے نوٹس موصول ہی نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے اس حوالے سے ملک بدری کا حکم منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی، جسے 28 اکتوبر کو امیگریشن عدالت نے منظور کرلیا۔
جج نے اپنے فیصلے میں نشاندہی کی کہ اگرچہ ڈاکٹر لیزارڈو اور ان کا خاندان مختلف اوقات میں کئی مرتبہ گھر تبدیل کرچکا تھا، لیکن ہر مرتبہ انہوں نے امریکی پوسٹل سروس اور امریکی ادارہ برائے شہریت و امیگریشن (USCIS) کو اپنے نئے پتے سے آگاہ کیا تھا۔ ادارے کی جانب سے بھی انہیں نئے پتوں پر خط و کتابت کی جاتی رہی۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا میں قیام کے دوران ڈاکٹر لیزارڈو کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور انہیں پہلے کبھی گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔
وفاقی جج کا فوری رہائی کا حکم
ICE حکام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ گرین کارڈ کی درخواست پر حتمی فیصلہ آنے تک ڈاکٹر لیزارڈو کو حراست میں رکھا جانا چاہیے، تاہم جج مائیکل جے ڈیوس نے یہ مؤقف مسترد کردیا۔
جج نے قرار دیا کہ حکام کے پاس انہیں فرار ہونے کا خدشہ ظاہر کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی، اس لیے ان کی فوری رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔
جج نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ اس مقدمے کے حقائق انتہائی افسوسناک ہیں اور درخواست گزار کو جن حالات سے گزرنا پڑا، ان کی تفصیل پر ایک طویل عدالتی حکم بھی جاری کیا جاسکتا تھا، تاہم ان کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا تھی کہ ڈاکٹر لیزارڈو کو مزید ایک رات بھی جیل میں نہ گزارنی پڑے۔
وکیل نے واقعے کو کاغذی کارروائی کی غلطی قرار دے دیا
ڈاکٹر لیزارڈو کے وکیل حسن احمد نے سی بی سی نیوز کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو جج کے حکم کے چند گھنٹے بعد اتوار کی شام رہا کردیا گیا تھا۔
ان کے مطابق ڈاکٹر لیزارڈو اب گرین کارڈ کی درخواست پر امریکی ادارہ برائے شہریت و امیگریشن کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں اور امید ہے کہ انہیں پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر اس معاملے کو جلد نمٹایا جائے گا۔
وکیل حسن احمد نے کہا کہ یہ پورا معاملہ محض کاغذی کارروائی میں ہونے والی غلطی کا نتیجہ تھا، لیکن حکام نے اسے وفاقی سطح کا مقدمہ بنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی حکم میں یہ بات بھی شامل کرائی گئی ہے کہ گرین کارڈ کی درخواست پر فیصلے تک ڈاکٹر لیزارڈو کو دوبارہ ICE کی جانب سے حراست میں نہیں لیا جاسکے گا۔
وکیل کے مطابق ملک بدری کی پوری کارروائی ابتدا ہی سے قانونی خامیوں کا شکار تھی اور انہیں امید ہے کہ امریکی امیگریشن حکام اب اس معاملے کو مزید آگے نہیں بڑھائیں گے۔
