اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا کی سیاست میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج نے بڑا سیاسی دھماکا کردیا، طویل عرصے سے ری پبلکن پارٹی کے مضبوط گڑھ سمجھی جانے والی ریاستوں ٹیکساس اور اوہائیو میں ڈیموکریٹس نے گورنر اور سینیٹ کی نشستیں جیت کر سیاسی نقشہ بدل دیا۔ دونوں ریاستوں میں ڈیموکریٹس کی کامیابیوں نے 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے نئی سیاسی صف بندی کی بنیاد رکھ دی ہے۔
انتخابی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس نے کئی دہائیوں سے ری پبلکنز کے زیرِ اثر ریاستوں میں گورنر کے انتخابات جیت لیے، جس کے نتیجے میں دو دہائیوں بعد پہلی مرتبہ ملک میں ڈیموکریٹک گورنرز کی تعداد ری پبلکن گورنرز سے بڑھ گئی۔
سینیٹ میں بھی ڈیموکریٹس نے سات نشستیں ری پبلکنز سے چھین لیں۔ اوہائیو میں ڈیموکریٹ امیدوار شیروڈ براؤن نے ری پبلکن سینیٹر جون ہسٹڈ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ریاست کی گورنر شپ کے انتخاب میں ایمی ایکٹن نے ری پبلکن امیدوار وویک راماسوامی کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ اوہائیو میں 20 سال بعد پہلی مرتبہ ڈیموکریٹ گورنر منتخب ہوا۔
ٹیکساس میں ری پبلکنز کو بڑا سیاسی دھچکا
انتخابات کے سب سے حیران کن نتائج ٹیکساس میں سامنے آئے، جہاں ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹیلاریکو نے ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن کو شکست دے کر 1993 کے بعد ریاست کا پہلا ڈیموکریٹ سینیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں :بنگلہ دیش الیکشن ،بی این پی نے میدان مار لیا ،دو تہائی اکثریت حاصل کرلی
اسی طرح ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوجوسا نے ری پبلکن گورنر گریگ ایبٹ کو شکست دے کر تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد ٹیکساس میں ڈیموکریٹک گورنر کی واپسی ممکن بنادی۔
ڈیموکریٹس نے صرف سینیٹ اور گورنر کی نشستیں ہی نہیں جیتیں بلکہ دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد ٹیکساس ایوانِ نمائندگان میں بھی اکثریت حاصل کرلی۔ اس کے علاوہ امریکی ایوانِ نمائندگان کی دو نشستیں بھی ری پبلکنز سے چھین لیں۔
ٹیکساس کے سابق لینڈ کمشنر گیری مورو نے ان نتائج کو غیر معمولی سیاسی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیمز ٹیلاریکو ایک علامت ہیں، لیکن جینا ہینوجوسا کی کامیابی ایک سیاسی زلزلہ ہے۔
2028 کے صدارتی انتخابات میں نئی سیاسی جنگ
سیاسی مبصرین کے مطابق ان کامیابیوں کا سب سے اہم اثر 2028 کے صدارتی انتخابات پر پڑ سکتا ہے۔ ٹیکساس روایتی طور پر ری پبلکنز کا مضبوط گڑھ رہا ہے اور صدارتی انتخابات میں اس کے 40 الیکٹورل ووٹ عموماً ری پبلکن امیدوار کے حصے میں جاتے رہے ہیں۔
ٹیکساس کی لی ٹورناؤ یونیورسٹی کے پروفیسر جان بیریٹ کے مطابق اگر صرف ٹیلاریکو کامیاب ہوتے تو اسے ایک اتفاقی نتیجہ سمجھا جاسکتا تھا، تاہم سینیٹ، گورنر شپ اور ریاستی اسمبلی میں ڈیموکریٹس کی کامیابی اس بات کا اشارہ ہے کہ ریاست کی سیاست میں بنیادی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔
اگرچہ مبصرین خبردار کررہے ہیں کہ ان نتائج کو دونوں ریاستوں کے مستقل طور پر ڈیموکریٹک ہونے کا ثبوت نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ دونوں ریاستوں میں اب بھی ایک ایک ری پبلکن سینیٹر موجود ہے، تاہم انتخابی نتائج نے واضح کردیا ہے کہ 2028 کے صدارتی انتخابات میں ٹیکساس اور اوہائیو روایتی ری پبلکن ریاستوں کے بجائے سخت مقابلے کے میدان بن سکتے ہیں۔
