اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ متوقع ہے۔ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے نویں جائزے کی تمام شرائط پوری کر لی ہیں اس مہینے اچھی خبر سننے کی امید ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کی منظوری کے بعد کچھ اقدامات کیے جاتے ہیں لیکن اس بار ہم نے وہی اقدامات کیے ہیں جو آئی ایم ایف نے بورڈ کی منظوری سے قبل مانگے تھے۔
پاکستانی عوام نے ماضی میں بھی چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر مستقبل میں بھی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپریل 2022 میں اس وقت کی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا۔ تباہ کن سیلاب نے بھی پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ عالمی حالات کی وجہ سے پاکستان کو مہنگائی کا سامنا ہے۔