اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کی صبح آرمی چیف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، عسکری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا جب کہ سعودی ولی عہد نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سعودی اور پاکستانی اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل جب پاک فوج کے سربراہ نے عمرہ ادا کیا تو ان کے لیے خانہ کعبہ کے دروازے بھی کھول دیے گئے تھے۔
آرمی چیف نے عمرہ ادا کیا، عاصم منیر کیلئے کعبہ کا دروازہ کھولا گیا
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاکستان کی مسلح افواج کی کمان سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہوں نے سعودی وزیر دفاع سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر نے ایک ٹویٹ میں کہا، "ہم نے اپنے برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا، دو طرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا، اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔