اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ڈاکٹروں نے ڈسچارج کرنے کے بعد مقامی ہسپتال سے بلاول ہاؤس منتقل کردیا،
زرداری اپنے پھیپھڑوں میں سے ایک میں انفیکشن کے باعث کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 27 ستمبر کو ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
حال ہی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر کی صحت کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلائی جا رہی تھیں۔
زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے بھی جمعے کے روز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پی پی پی رہنما کی "خرابی صحت کی حالت” کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تمام رپورٹس جعلی ہیں کیونکہ ان کا مریض ٹھیک ہے اور اسے چند دنوں میں گھر بھیج دیا جائے گا۔
وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ایک روز قبل کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا ’ایکسرے‘ سابق صدر کا نہیں ہے
آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا ایکسرے ان کا نہیں ہے۔ آصف علی زرداری زیر اعلاج ہیں اور قوم اور کارکنان کی دعائوں سے جلد صحتیاب ہوکر ہمارے بیچ ہونگے۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) October 8, 2022