اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں بندر عباس، جزیرہ قشم اور سیرک میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جن کے بعد مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ نے رہائشیوں کے حوالے سے کم از کم چار دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں، تاہم ان کی وجوہات سے متعلق مختلف بیانات سامنے آئے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق بندر عباس کے ساحلی علاقے اور جزیرہ قشم میں رہنے والے افراد نے یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ بعض مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد انہیں شدید جھٹکے اور زمین میں لرزش بھی محسوس ہوئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی خبر رساں ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا کہ دھماکوں کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ سرکاری رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔ تاہم مقامی ذرائع کے حوالے سے امکان ظاہر کیا گیا کہ یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے والے بحری جہازوں کو روکنے کے لیے کی جانے والی انتباہی فائرنگ کی ہو سکتی ہیں۔
بندر عباس اور قشم کے شہریوں نے آن لائن چینل واحد کو براہِ راست پیغامات میں کم از کم چار دھماکوں کی اطلاع دی۔ ایک شہری نے دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ کے ایران پر حملوں کے امکانات کم ظاہر کرنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مستحکم
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے سیرک شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی۔ ایجنسی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے جزیرہ قشم میں حملے اور اس کے نتیجے میں دھماکے کی تصدیق کی، تاہم دیگر علاقوں میں سنی جانے والی آوازوں کو ایرانی فوجی دستوں کی کارروائیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے بھی دھماکوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کی جانب کی جانے والی فائرنگ کے باعث پیدا ہوئیں۔
مختلف ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں دھماکوں کی وجوہات سے متعلق مختلف تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ تاحال کسی بڑے نقصان، جانی ہلاکتوں یا تمام مقامات پر حملوں کی نوعیت کے بارے میں جامع سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
