ایران کی امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ، نئی فوجی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے کسی ایک ملک میں جنگ چھڑنے کی صورت میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں رہے گا۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران اپنی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی نئی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایران کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے بھی امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا ایسا جواب دیا جائے گا جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اب ایک آزاد اور طاقتور علاقائی قوت بن چکا ہے اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ غیرملکی طاقتیں نہیں کر سکتیں۔ ایرانی قیادت اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کرے، دھمکیوں کا سلسلہ بند کرے اور کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران مذاکرات کے معاملے میں امریکی طرزِ عمل کو اہم سمجھتا ہے، تاہم وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں پر بھی سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔

ایرانی عوام کو امریکا پر اعتماد نہیں، وزارت خارجہ

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی عوام کو امریکا پر اعتماد نہیں اور ملک کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ تیار رہنا ضروری ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق ایران نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور نہ ہی سفارت کاری کے دروازے بند کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری ہے، لیکن امریکا ایران سے مکمل سرنڈر کا مطالبہ کر رہا ہے، جسے کوئی ایرانی قبول نہیں کرے گا۔

مذاکرات کے دوران دو حملوں نے اعتماد کو نقصان پہنچایا، ایرانی ترجمان

اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں مذاکرات کے دوران ایران پر دو حملوں نے یہ ثابت کیا کہ واشنگٹن سفارت کاری کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام کی تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات متوقع

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے باوجود ایران امن کے حصول کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا خواہاں ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ تہران کسی بھی فوجی جارحیت کا جواب دینے سے گریز کرے گا۔

ایرانی حکام کے حالیہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات برقرار ہیں۔ تہران ایک جانب سفارتی رابطوں کا راستہ کھلا رکھنے کی بات کر رہا ہے تو دوسری جانب کسی نئی فوجی کارروائی کی صورت میں بھرپور ردعمل کی وارننگ بھی دے رہا ہے۔

ہمیں فالو کریں

[uw_related_posts]