اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستانیوں کے پاسپورٹ پر ایک ہی نام کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کو ان کے پاسپورٹ پر واحد نام کے ساتھ امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل بدھ کو آسٹریلوی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے آسٹریلوی پاسپورٹ رکھنے والوں سے کہا تھا کہ وہ نام کی فیلڈ میں کم از کم دو نام شامل کریں کیونکہ اگر آپ کے پاسپورٹ میں صرف ایک نام ہے تو آپ کو داخلے سے منع کر دیا جائے گا۔
پاکستان کے لیے سیرین ایئر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے رہنما اصولوں کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کے تحت ایسے مسافر جن کے پاسپورٹ پر صرف ایک نام ہے اور کوئی دوسرا نام نہیں ہے، بشمول والد کا نام یا خاندانی نام، انہیں ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس لیے پاکستانی مسافروں کے لیے اسی نام کے پاسپورٹ پر اپنا پہلا نام اور آخری نام درج کرنا لازمی ہوگا۔
اس سے قبل انڈین ایئر لائنز نے بھی مسافروں سے کہا تھا کہ وہ پاسپورٹ پر اپنے نام درست کر لیں کیونکہ متحدہ عرب امارات کے امیگریشن حکام کی جانب سے مسافروں پر عائد پابندیوں کی وجہ سے واحد نام والے مسافروں کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ ایک نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔