کینیڈا میں پنجابی ثقافت کا رنگا رنگ میلہ، بھنگڑا 28 جون کو ہو گا

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں پنجابی ثقافت کا رنگا رنگ میلہ، بھنگڑا-گدھا کپ 28 جون کو مسی ساگا میں سجایا جائے گا۔

مسی ساگا میں مقیم پنجابی برادری کے لیے خوشخبری ہے کہ روایتی ثقافت، موسیقی اور خاندانی تفریح سے بھرپور "کینیڈین وائب بھنگڑا-گدھا کپ اور نمائشی میلہ” 28 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس منفرد ثقافتی تقریب میں نہ صرف بھنگڑا اور گدھا کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے بلکہ معروف پنجابی گلوکار سربجیت چیمہ بھی اپنی پرفارمنس کے ذریعے شرکا کا جوش بڑھائیں گے۔ منتظمین کے مطابق یہ میلہ پنجابی ثقافت کے فروغ اور نئی نسل کو اپنے ورثے سے جوڑنے کے مقصد کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ تقریب مسی ساگا کنونشن سنٹر میں دوپہر 12 بجے شروع ہوگی اور شام تک جاری رہے گی۔
پروگرام کو کینیڈین وائب اسٹوڈیو اور محفل میڈیا مشترکہ طور پر پیش کر رہے ہیں۔ میلے کی سب سے بڑی کشش بھنگڑا اور گدھا کے مقابلے ہوں گے جن میں مختلف ٹیمیں اپنے فن، مہارت اور روایتی انداز کا مظاہرہ کریں گی۔ اس دوران حاضرین کو پنجابی ثقافت کی جھلک دکھانے کے لیے مختلف روایتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور بھارتی پنجابیوں کے لیے یہ میلہ اپنی ثقافتی شناخت کو زندہ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ اسی مقصد کے تحت تقریب میں خاندانوں اور بچوں کے لیے بھی خصوصی سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ ہر عمر کے افراد اس ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔میلے میں مختلف تجارتی اور ثقافتی اسٹالز لگائے جائیں گے جہاں شرکا خریداری کے ساتھ ساتھ معلوماتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکیں گے۔

بچوں کے لیے کھیل کود اور تفریحی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ خوش قسمت شرکا کے لیے تحائف اور واؤچرز بھی رکھے گئے ہیں۔ منتظمین نے بتایا کہ حاضرین کی سہولت کے لیے مفت پارکنگ فراہم کی جائے گی جبکہ داخلہ ٹکٹ کی قیمت 20 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔منتظمین نے کینیڈا بھر میں مقیم پنجابی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ اس ثقافتی میلے میں شرکت کریں اور اپنی روایات، موسیقی اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی اس کوشش کا حصہ بنیں۔

ہمیں فالو کریں