اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پی ٹی آئی قیادت کے خلاف غداری مقدمہ کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں آئی ایم ایف سے معاہدے سمیت ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا، رولنگ سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تحسین اور سنگ میل ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے غداری کیس کے حوالے سے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور تمام اتحادی جماعتوں سے ایک ایک رکن شامل ہوگا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، حکومت نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جوں جوں قیمتیں عالمی سطح پر کم ہونگی عوام کو ریلیف دیں گے