اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )غیر ملکی شپنگ کمپنیوں نے پاکستان میں سروسز معطل کرنے پر غور شروع کردیا۔ شپنگ کمپنیاں فریٹ چارجز کی عدم ادائیگی اور کارگو میں نمایاں کمی کے باعث سروسز معطل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ پاکستان شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے حکومت کو ممکنہ صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔
شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے متعلقہ وزارتوں اور اسٹیٹ بینک کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کی خدمات کی معطلی سے پاکستان کی برآمدات کو جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ پاکستان شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے وزیر تجارت نوید قمر، پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر فیصل سبزواری اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کو لکھے گئے خط میں متعلقہ وزارتوں اور اسٹیٹ بینک کی شپنگ کمپنیوں کو فریٹ چارجز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ممکنہ نتائج کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی ہے۔
شپنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف کے مطابق سرحدی ممالک کے علاوہ پاکستان سے تقریباً تمام بین الاقوامی رسد سمندری راستے سے بھیجی جاتی ہے۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ پاکستان کی عالمی تجارت کے لیے سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ پاکستان سے بین الاقوامی تجارت کا بہاؤ رک گیا تو معاشی صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شپنگ لائنز کارگوز کی کم تعداد کی وجہ سے پہلے ہی پاکستان میں اپنی سروسز بند کرنے پر غور کر رہی ہیں، اب ڈالرز کی کمی کے باعث مال برداری کی ادائیگیاں بند ہونے سے شپنگ کمپنیوں کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ .