اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز بند کردی گئیں جب کہ خانیوال میں بس الٹنے سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقے اڈا میر شاہ میں شدید دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بس گجرات سے صادق آباد جارہی تھی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق پشاور ٹول پلازہ سے اسلام آباد تک موٹروے ایم ون، ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں تک ایم ٹو اور فیض پور انٹر چینج سے درخانہ تک ایم تھری کو شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ رحیم یار خان اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 5 رحیم یار خان سے روہڑی بند کردی گئی۔