ہالینڈ کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز بنا سکی، ڈیوڈ ملر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔نیدرلینڈز نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کو بھی اپ سیٹ شکست کے بعد T20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تھا۔موجودہ ورلڈ کپ میں یہ دوسرا بڑا اپ سیٹ ہے، اس سے قبل افغانستان نے گزشتہ دنوں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں
ورلڈ کپ 2023 کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرا دیا
جنوبی افریقہ اور ہالینڈ کے درمیان میچ دھرم شالہ کے ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا.جنوبی افریقہ نے میچ کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تاہم موسم کی خرابی کے باعث میچ کو 43 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ہالینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز بنائے، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔اس کے علاوہ وین ڈیر مروے نے 29، تیجا نیڈا منرو نے 20 اور آرین دت نے 23 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی نگٹی، مارکو جانسن اور کاگیسو ربادا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
نیدرلینڈز کے 246 کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، 89 کے مجموعی سکور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔کپتان بووما نے 16، ڈی کاک نے 20، وینڈر ڈوسن نے 4، مارکرم نے 1 اور کلاسن نے 28 رنز بنائے۔اس کے علاوہ جانسن 9، ڈیوڈ ملر 43، کوئز 22 اور ربادا 9 رنز بنانے کے بعد ٹیم سے رخصت ہوئے جب کہ مہاراج نے 40 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی شاندار باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ڈی لیڈا، پال وین میکرین اور وین ڈیر مروے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں آج ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ کھیل رہی تھیں، جنوبی افریقہ نے لگاتار 2 میچز جیتے جب کہ نیدرلینڈ کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔گروپ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔