اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سندھ کے سیاسی رہنماؤں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سابق اراکین سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر شورو، سردار کانبو خان برہمانی، عرب خان برہمانی اور محمد صادق شورو شامل ہیں، آصف علی زرداری نے سیاسی رہنماؤں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا ۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز شہزاد سعید چیمہ، احمد جواد، فاروق رانا، فیصل میر، تسنیم قریشی، اسلم گل، جمیل منج، آصف بشیر بھگت، مہر غلام فرید کاٹھیا، عمران نول اور دیگر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، قائم مقام صدر وسطی پنجاب رانا فاروق سعید، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دو ماہ میں الیکشن نہیں کروا سکتے، الیکشن تب ہی ہوں گے جب میں کراؤں گا، پیپلز پارٹی اور میں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ، میں نے 14 سال جیل میں معیشت پر بہت سی کتابیں پڑھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے جس کی وجہ سے حل پیش کیے گئے۔ انشاء اللہ ملکی معیشت کو سنبھالوں گا اور زرمبادلہ کے ذخائر کو 100 ارب ڈالر تک لے جاؤں گا۔ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، سیاست میں ہر کام کا حل ہوتا ہے، جو سیاست کو نہیں سمجھتے ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا، اسی لیے وہ کچھ نہیں ہونے دیتے۔