اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایرانی فوج نے امریکا کو سخت اور دوٹوک الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے
اور طیارہ بردار بحری جہاز ایران کے میزائلوں کی مکمل رینج میں ہیں اور کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینا ملکی دفاعی پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ممکنہ حملوں سے نمٹنے کے لیے فوجی منصوبے اور ضروری احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں اور مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر دشمن نے ایک بار پھر کسی احمقانہ اقدام کی کوشش کی تو ایران کسی تاخیر کے بغیر ردعمل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے، تنصیبات اور طیارہ بردار جہاز ایرانی اہداف میں شامل ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ تمام مقامات ایران کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی رینج میں آتے ہیں۔
ایرانی فوجی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ ایران نہ صرف اپنی سرزمین کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ کسی بھی جارحانہ کارروائی کا ایسا جواب دیا جائے گا جو دشمن کے لیے ناقابلِ برداشت ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دفاعی ماہرین کے مطابق ایرانی فوج کا یہ بیان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، جس کا مقصد دشمن قوتوں کو واضح پیغام دینا ہے کہ ایران کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا سخت جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔