اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بھارت کے مشہور کامیڈین جانی لیور نے پاکستان آکر پاکستانی لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کے اہل خانہ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
جانی لیور کے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں پاکستان کے ٹاپ کامیڈین اسٹارز کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
جانی لیور کا کہنا تھا کہ میں عمر شریف کا بہت بڑا مداح ہوں، مجھے ان کی موت پر بہت افسوس ہوا، میں متعدد بار مختلف انٹرویوز میں اس بارے میں بات کر چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں عمر شریف کے بیٹے سے رابطے میں ہوں اور جب بھی پاکستان آؤں گا تو کراچی جا کر عمر شریف کے اہل خانہ سے ضرور ملوں گا۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ مجھے عمر شریف کے علاوہ معین اختر، امان اللہ، رؤف لالہ اور شکیل صدیقی بھی بہت پسند ہیں۔
انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے کبھی پاکستان جانے کا موقع ملا تو لاہور اور کراچی ضرور جاؤں گا۔
آخر میں بھارتی اداکار جانی لیور نے بھی پاکستانی شائقین کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔
18