قطر اور پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق، لبنان اور آبنائے ہرمز پر بھی پیش رفت

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)قطر اور پاکستان کی مشترکہ ثالثی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسرن میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقوں نے آئندہ 60 روز کے اندر ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے باقاعدہ روڈ میپ پر اتفاق کر لیا۔

قطر اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت ہونے والے پہلے اعلیٰ سطحی مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں مکمل ہوئے۔ بات چیت کے دوران کئی اہم امور پر پیش رفت ہوئی جن میں مستقبل کے تکنیکی مذاکرات کے لیے مستقل طریقہ کار کا قیام بھی شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے ایک ہائی لیول کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے جو پورے مذاکراتی عمل کی سیاسی نگرانی کرے گی۔ مرکزی مذاکرات کار اس کمیٹی کو باقاعدگی سے پیش رفت سے آگاہ کریں گے جبکہ جوہری پروگرام، پابندیوں اور تنازعات کے حل و نگرانی سے متعلق خصوصی ورکنگ گروپس بھی قائم کیے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے اور کسی بھی غلط فہمی یا ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فریقین کے درمیان براہ راست رابطے کا خصوصی نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی اور قطری ثالثی کی بدولت لبنان جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، ایران کی ناکہ بندی کا خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ بعض منجمد اثاثے بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے ایک بڑے منصوبے کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اگلا اہم مرحلہ لبنان ڈی کنفلیکشن سیل کا قیام ہے۔لبنان سے متعلق معاملات پر بھی پیش رفت سامنے آئی، جہاں فریقین نے لبنان اور ثالث ممالک کی معاونت سے ایک مشترکہ ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کیا، جس کا مقصد لبنان میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات پورا ہفتہ برگن اسٹاک میں جاری رہیں گے، جبکہ قطر اور پاکستان آئندہ بھی مذاکرات کو مثبت اور نتیجہ خیز سمت میں آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

قطر اور پاکستان نے امریکا اور ایران کی جانب سے سفارت کاری اور پرامن حل کے عزم کو سراہتے ہوئے ان تمام دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے تعاون فراہم کیا۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ دوپہر ایک بجے پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں