اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی نائب صدر JD Vance نے کہا ہے کہ اگر ایران کی قیادت علاقائی عدم استحکام کا باعث بننے والی پالیسیوں اور اپنے نیوکلیئر پروگرام کو ترک کر دے تو امریکا ایران کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا سفارتکاری کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں مثبت تبدیلی لانا چاہتا ہے اور ایک ایسے مستقبل کا خواہاں ہے جہاں خطے کے تمام ممالک کے لیے امن اور خوشحالی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر پروگرام کے خاتمے کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ آگے بڑھا جائے۔ ان کے بقول اسلام آباد ڈائیلاگ سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایران اور امریکا نے اس سطح پر براہِ راست مذاکرات کیے ہوں۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکی صدر Donald Trump نے نئی شروعات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے خاتمے، امن کے قیام اور ترقی کے آغاز کے لیے یہ ایک اہم دن ثابت ہوا ہے۔
جے ڈی وینس نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو امریکا کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں امن کے فروغ کے لیے ایران سے بھی مثبت کردار کا خواہاں ہے اور مستقبل کے لیے بہترین فیصلے کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم Shehbaz Sharif اور Syed Asim Munir کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں جنہوں نے امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔