اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) روس نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کے لیے اسرائیل اور مغرب کی جانب سے ‘حق اپنے دفاع کے جواز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا کوئی حق نہیں، وہ قابض ہے۔
غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب واسیلی نیبنزیا نے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور غزہ کے مسئلے پر معصوم شہریوں کی نسل کشی اور یوکرین پر شور مچانے کی مغربی منافقت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔
روسی مندوب نے کہا کہ 2004 کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کی ایڈوائزری کے مطابق اسرائیل فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے دھمکیوں یا حملوں کی صورت میں کارروائیوں کے لیے اقوام متحدہ کی دفاعی شق کا استعمال نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے اس حق کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اپنی سلامتی کو یقینی بنائے لیکن یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اقدامات کرے۔اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے مشرق وسطیٰ میں خونریزی روکنے پر زور دیا اور اس بحران کو خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی حل کا مطالبہ بھی کیا۔