اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کو سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
جاں بحق بچوں کی نمازِ جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لواحقین غم سے نڈھال دکھائی دیے جبکہ علاقے کی فضا سوگوار رہی۔
پولیس نے انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کاشف اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی چھت پر مرمتی کام کے دوران مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث زیادہ وزن پڑنے سے چھت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ایک خاتون ٹیچر سمیت 7 بچے زخمی ہو گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے مکان مالک سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی تھی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ عمارت میں صبح کے اوقات میں اسکول بھی چلتا تھا، جبکہ حادثے کے وقت بچے اکیڈمی میں ٹیوشن حاصل کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچے موجود تھے، اسی دوران چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور صوبائی وزراء کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے۔